اسلام آباد چیمبر کے الیکشن میں جعلی ووٹوں کی شکایت

159

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)وزارت تجارت کے زیلی ادارے ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائیزیشنز(ڈی جی ٹی او) نے اسلام آباد چیمبر کے آمدہ الیکشن میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے ووٹر لسٹ کی تفصیلی جانچ پڑتال کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ ڈی جی ٹی او کے ادارے کی ڈپٹی ڈائریکٹر عاصمہ خٹک نے اس سلسلہ میں ایک کمیٹی مقرر کر کے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ گروپ کے قائم مقام چئیرمین شاہد زمان شنواری، وائس چئیرمین سرفراز مغل اور دیگر عہدیداروں نے ڈی جی ٹی او کو درخواست دی تھی کہ اسلام آباد چیمبر پر سالہا سال سے فائونڈر گروپ کا قبضہ ہے جس نے اپنی گرفت قائم رکھنے کے لئے سینکڑوںجعلی ووٹوں کا اندراج کیا ہوا ہے جو شفاف انتخابات کے راستہ میں رکاوٹ ہے۔ ووٹر لسٹ میں ایسے افراد شامل ہیں جن کا کوئی کاروبار نہیں ہے اور انھیں صرف الیکشن میں جیت یقینی بنانے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے جبکہ انکی لسٹ بھی خفیہ رکھی جاتی ہے جبکہ چیمبر کا الیکشن کمیشن فائونڈر گروپ کے اشاروں پر ناچتا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جعلسازی کا سارا نظام اسلام آباد چیمبر کا سیکرٹری جنرل ماجد شبیر چلا رہا ہے جو چیمبر سے کروڑوں روپے کے فائدے لے رہا ہے اور چیمبر کے موجودہ صدر کاقریبی عزیزبھی ہے۔اس درخواست پر ڈی جی ٹی او کے محکمے نے تمام ووٹوں کی جانچ پڑتال کے لئے چار افراد پر مشتمل کمیٹی بنا دی ہے جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ گروپ کے ملک ندیم اور زاہد قریشی اور اسلام آباد چیمبر کے دو اراکین شامل ہیں۔ڈی جی ٹو او اہلکارہاورن رشید کو بھی کمیشن کا ممبر بنایا گیا ہے جنھیں ووٹر لسٹوں کی پڑتال کا سارا عمل مانیٹر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ گروپ کے چیئرمین حبیب اللہ زاہد نے اس فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے۔