جاپانی قومی تحقیقاتی ادارے کا بڑے تحقیقی منصوبے کے آغاز کا اعلان

138

ٹوکیو (اے پی پی) جاپانی قومی تحقیقاتی ادارے نے ایک بڑے تحقیقی منصوبے کے آغاز کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ پلاسٹک کا کوڑا سمندروں کی تہہ کو کس طرح آلودہ کررہا ہے اور قدرتی ماحولیاتی نظام پر اس کے کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق قومی تحقیقاتی ادراہ اس منصوبے پر کام کا باقائدہ آغاز 28 اگست سے کرے گا اور یہ منصوبہ 3 ہفتوں تک جاری رہے گا۔ اس منصو بے کی تحقیق کا مرکز ٹوکیو کے جنوب میں ساگامی بے کے قریب سمندر اور ٹوکیو کے مشرق میں واقع جزیرہ نما بوسو ہوگا۔ تحقیقاتی عمل کے دوران ماہرین 1200 سے 9200 میٹر سمندر کی گہرائی میں موجود مٹی میں مائیکرو پلاسٹک یا پلاسٹک کے ذرات کی مقدار کا جائزہ لیں گے اور وہ یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ سمندری تہہ میں یہ کوڑا کب جمع ہوا اور آیا یہ بحری جانوروں کے معدوں میں بھی موجود ہو سکتا ہے یا نہیں۔ ادارے کے نائب سربراہ ماساہی تسْوچیا کا کہنا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اس تحقیقی جائزے سے بحری آلودگی کے معاملے پر عوامی آگاہی میں اضافہ ہوگا۔