کراچی کے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، دانش خان

163

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صدر کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) دانش خان ، سینئر نائب صدر فراز الرحمن اور نائب صدر ماہین سلمان نے کہا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، حالیہ دنوں میں برسات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے مستقبل کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ صدر کاٹی دانش خان کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین دوہفتوں کے دوران ہونے والی برسات سے شہر میں انفرااسٹرکچر نقائص کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر اس بات کا امکان موجود ہے کہ آئندہ برسوں میں بارشوں کی مقدار میںمزید اضافہ ہوسکتا ہے اور شہر کا موجودہ انفرااسٹرکچر ایسی کسی ممکنہ صورت حال کا دباؤ برداشت کرنے کے قابل نہیں۔ دانش خان کا کہنا تھا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں ، چوراہوں اور نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہوا ہے اس کے تدارک کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر کاٹی نے حالیہ بارشوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے بجلی کی فراہمی کے نظام کو محفوظ اور ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ دانش خان نے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے سے متصل ملیر ندی میں کچرے اور ملبے کی ڈمپنگ کی روک تھام اور پہلے سے موجود کچرے کے ڈھیر کا فی الفور صفایا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کاٹی کی جانب سے اس خدشے کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ غیر معمولی برسات کی صورت میں ندی میں ڈمپنگ کے باعث کورنگی صنعتی علاقہ اور دیگر متصل آبادیوں میں بڑے پیمانے پر تباہی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسات میں مختلف مقامات پر ندی میں پانی کی بلند سطح سے ان خدشات کی تصدیق بھی کی جاسکتی ہے۔ صدر کاٹی دانش خان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی، صوبائی حکومتیں اور شہری انتظامیہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کے نقائص کو دور کرنے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دیں اوراس کے لیے ہر سطح پر فنڈز کا اجرا یقینی بنایا جائے۔