حکومت نے ایک سال میںسیاسی میدان میںبڑی کامیابیاں حاصل کیں

134

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی گزشتہ ایک سال کی کارکردگی مجموعی طور پر ملی جلی رہی ہے۔سیاسی میدان میںاہم کامیابیاں حاصل کی گئیں، سفارتی محاذ پرمتعدد اہم کامیابیاں ملیں،عرب ممالک سے تعلقات بہتر ہوئے، مسئلہ کشمیرعالمی سطح پر اجاگر ہوا جبکہ پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کے آثار پیدا ہوئے ہیں۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ حکومت نے کئی مشکل مگر حقیقت پسندانہ فیصلے کئے ہیں اور بڑے عرصہ بعد حکومت اور فوج کے مابین محاذ آرائی کا خاتمہ ہوا ہے جس سے دنیا کو مثبت پیغام گیا ہے۔ایک سال میں حکومت کی کرپشن کا کوئی بڑا سکینڈل سامنے نہیں آیا جس سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت کی نیت اچھی ہے تاہم بعض شعبوں میںمنصوبہ بندی کا فقدان نظر آیاہے۔ حکومت نے کرپشن کے خلاف قابل قدر مگر متنا زعہ اقدامات کئے ہیں جس کے اثرات سے سیاست سمیت مختلف شعبوں میں بدعنوانی کم ہو جائے گی جو ملکی ترقی کے لئے اہم ہے تاہم سیا سی محاذ آرائی بڑھ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی خارجہ پالیسی کامیاب رہی ہے، فاٹا کا انضمام ایک بڑی کامیابی ہے، کفایت شعاری اختیار کی گئی ہے، غربت کے خاتمے کے لئے احساس پروگرام، بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہ پروگرام اور ماحولیاتی بہتری کے لئے شجر کاری پروگرام بہتر رہے ہیں۔ سیاحوں کیلئے گلگت، بلتستان اوردیگر مقامات کیلئے درکارNOCکی شرط کو ختم کردیا گیا جبکہ 68ممالک کیلئے بز نس ویزا کے اجراء کا فیصلہ کیا گیا۔