بھارت سیز فائر لائن پر فائرنگ کر کے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹا رہا ہے

136

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل تبسم نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی عملی مدد کے لیے اقدامات کرے ،24اکتوبر1947ء کی انقلابی حکومت بحال کی جائے تا کہ کشمیری عسکری اور سفارتی محاذ پر اپنا کردار ادا کرسکیں ،اقوا م متحدہ چپٹر 7 کے مطابق بھارت کے خلاف کارروائی کرے چونکہ بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،ایک کروڑ انسانوں کو یرغمال بنا کر ان کا قتل عام کررہا ہے ،آر ایس ایس جیسی دہشت گرد تنظیم کے غنڈوں کو فوجی وردی میں ملبوث کر کے خطرے ناک ہتھیار فراہم کر دیے گے ہیں عالمی انسانی حقوق کے ادارے مقبوضہ کشمیر میں محصور بھائیوں کے لیے ادویات،خوراک اور بچوں کے دودھ کا اہتمام کریں ،تعلیمی اداروں کو فوجی چھائونیوں میں تبدیل کر کے نسل نو کو تعلیم سے دور اور ان کا قتل عام کیا جارہا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجا فاضل حسین تبسم نے کہاکہ حکومت پاکستان اور آزادکشمیر اس فیصلہ کن مرحلے پر اقدامات میں تیز ی لائیں چونکہ ایک کروڑ محصور انسانوں کو بھارت کی دہشت گرد فوج اور آر ایس ایس جموں کے سانحے کی طرح یہاں بھی بڑا سانحہ کر سکتے ہیں ،پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہے بھارت سیز فائر لائن پر فائرنگ کر کے مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹا رہا ہے حکومت پاکستان عالمی برادری سے رجو ع کر ے اقوام متحدہ ،او آئی سی،یورپی یونین سمیت دیگر اداروں کو متحرک اور فعال کرے تا کہ کشمیریوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے اور ان کی آزادی کی تحریک کو منزل تک پہنچایا جا سکے ۔