لاکھوں پودے لگا کر شجر کاری مہم چلائی جائے گی، حفیظ احمد سیال

272

بدین (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر بدین ڈاکٹر حفیظ احمد سیال نے کہا ہے (کلین بدین گرین بدین) شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، ضلع بھر کے شہروں کو سرسبز اور شاداب بنانے کے لیے لاکھوں پودے لگا کر شجر کاری مہم چلائی جائے گی۔ اسکولز، کالج اور سرکاری عمارتوں میں پودے لگائے جائیں گے، درخت لگانا ایک عبادت ہے، درخت لگانے سے آلودگی کا مکمل خاتمہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہروں اور سڑکوں کے دونوں اطراف بمبول، ٹاہلی اور نیم کے پودے لگائے جائیں تاکہ ماحول کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیٹی ہال بدین میں شجرکاری مہم کے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو کہا کہ وہ اپنے اسٹاف کو پودے لگانے کے لیے پابند کریں اور جہاں پودے لگائے گئے ہیں ان کی تصاویر کے ساتھ رپورٹ پیش کی جائے۔ ڈی سی بدین نے محکمہ جنگلات کے افسران کو بھی زیادہ سے زیادہ پودوں کا تحفظ اور دیگر پودے ٹیکنیکل اسٹاف کی موجودگی میں لگائیں۔ انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ، روڈس، بلڈنگس، پولیس، صحت، تعلیم، لوکل گورنمنٹ کی ٹائون کمیٹیز یونین کونسلز کے افسران کو کہا کہ وہ اپنے دفاتر کے احاطے میں اور سڑکوں کے دونوں اطراف جلد از جلد پودے لگائیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ افسران کو شجر کاری مہم میں بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ حفیظ احمد سیال نے کہا کہ پودے لگانے سے علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوتا ہے اور ماحول کی آلودگی کا بھی خاتمہ ہوتا ہے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔