ـ15 لاکھ بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں قبرستان بنے گا ،ڈاکٹر خالد محمود

205

راولاکوٹ (پ ر) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ ایک کروڑ انسانی زندگیوں کو بچانا عالمی برادری کے لیے چیلنج ہے، نریندر مودی آر ایس ایس کے غنڈے اور 15 لاکھ فوج مسلسل ظلم کی انتہا کررہی ہے، عالمی برادری کی طرف سے کماحقہ توجہ نہ دینے سے انسانی المیہ رونما ہوسکتا ہے۔ کل جماعتی مشاورت سے جلد سیز فائر توڑنے کا اعلان کیا جائے گا۔ لاکھوں آزاد خطے کے باسی اپنے بھائیوں کی مدد کے لیے سیز فائر لائن کو اپنے پائوں تلے روند ڈالیں گے۔ حالات کی سنگینی کا تقاضا ہے کہ حکومت پاکستان مزید اقدمات میں تیزی لائے، او آئی سی، اقوام متحدہ اور دیگر ادارے کشمیریوں کی جانوں کو بچانے کے لیے آگے آئیں۔ آزاد خطے کے نوجوانوں نے پہلے بھی تحریک آزادی کشمیر میں بھرپور کردار ادا کیا اور اب بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام آزادی کشمیر کاروان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم جموں و کشمیر اسلامی جمعیت طلبہ راجا مسرور ظفر سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ آزادی کشمیر کاروان سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 200 سال سے میدان کار زار میں ہیں، مودی کو یاد رکھنا چاہیے کہ اس کے بڑوں کو ہمارے اسلاف نے نہتے ہونے کے باوجود مار بھگایا تھا اور آج بقیہ کشمیر سے بھی مودی کے پیروکاروں کو مار بھگائیں گے۔ پندرہ لاکھ بھارتی افواج کا مقبوضہ کشمیر میں قبرستان بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں، بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، نام نہاد سیکولر ازم کا پردہ چاک ہوچکا، نریندر مودی مستند دہشت گرد ہیں اور وہ بھارت کے سارے انسانوں کو زبردستی ہندو بنانے کے نظریے پر کار فرما ہیں، جس سے دنیا کے امن کو شدید خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ انسانی حقوق اور آزادیوں پر یقین رکھنے والوں کی ذمے داری ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو رکوائیں اور کشمیریوں کو اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلوائیں۔