پاکستانی نوجوان کشمیر کو غرناطہ اور ڈھاکہ نہیں بننے دیںگے،عمرفاروق

142

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدرچودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشد محمود،محمدآصف عطا اورملک اسامہ نذیرودیگرنے کہا ہے کہ پاکستانی نوجوان کشمیر کو غرناطہ اور ڈھاکہ نہیں بننے دیںگے۔ ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومتی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں مگر حکمران ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے تو ہم خاموش بیٹھنے کے بجائے جماعت اسلامی کے امیرسینیٹرسراج الحق قوم کو اپنا لائحہ عمل دیں گے۔ کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ انہوںنے کہاکہ امریکا قابل اعتبار نہیں بلکہ امریکا نے پاکستان کے مقابلے میں ہمیشہ بھارت کا ساتھ دیا۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف امریکا کی سازشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ امریکا کفر کی طاقتوں کی سرپرستی کر رہاہے۔چودھری عمرفاروق گجر نے کہاکہ حکومت اقوام متحدہ اور امریکا کے وعدوں پر نہ رہے ، امریکا نے پہلے کبھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ ٹرمپ کے اعلان کے پیچھے چھپی سازش اسی وقت سامنے آگئی تھی جب مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اسے اپنی ریاست قرار دیا تھا۔حکومت دوسروں کی طرف دیکھنے کے بجائے کشمیریوں کی عملی مدد کرے۔ کشمیری موت قبول کر لیں گے لیکن بھارت کی غلامی قبول نہیں کریں گے ۔ بھارت ہمیں ایٹم بم کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں کر سکتا۔ جب محمد بن قاسم اور محمود غزنوی کے بیٹے تکبیر کے نعروں سے بھارت کی طرف بڑھیں گے تو مودی کو ایٹم بم چلانے کا موقع نہیں ملے گا۔ حکومت نے کوئی کمزوری دکھائی تو پاکستان کے کروڑوں نوجوان اٹھ کھڑے ہوں گے اور مودی کو عبرت ناک انجام سے دوچار کریں گے۔بھارت ہماری شہ رگ کا ٹ رہاہو تو ہم تماشائی نہیں بن سکتے۔