حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر عوام سخت مایوس ہیں،رانا طہٰ

125

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113کے امیرراناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمدانور،نائب امیر میاںاعجازحسین ،نذیر احمد اور دیگرنے کہا ہے کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر عوام سخت مایوس ہیں۔دو روزقبل حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیاہے۔ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ناکامیوں کا مجموعہ ہے۔ سال کے 365 دنوں میں حکمران 365 بار ناکام ہوئے۔ حکومت نے جو وعدے اور دعوے کیے اور عوام کو سبز باغ دکھائے ان پر عمل درآمد کا آغاز بھی نہیں کر سکی۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر کہاں ہیں۔ اس ایک سال میں حکومت ترقی و خوشحالی کی منزل کے بجائے الٹ سمت چلتی رہی ۔ حکومت وعدہ خلافیاں کرتی اور یوٹرن لیتی رہی۔ایک سال میں دس لاکھ لوگ بے روزگار ہوگئے۔ ہزاروں گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔ تیل اور پٹرول کی قیمتیں دگنا ہوگئیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا بن گیا۔ آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے دعویداروں نے معیشت کا پورا نظام آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا۔ ایک بابو کو سٹیٹ بنک کا گورنر اور دوسرے کو ایف بی آر کا سربراہ بنادیا گیا۔ گیس کی قیمت میں 90 فیصد اور دواں کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافہ ہوا۔ قوم چیخ رہی ہے اور حکمران کہتے ہیں کہ یہ سابقہ حکومتوں کی خرابیاں ہیں۔ موجودہ حکومت کے دور میں کرپشن، بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہواہے۔