حیدرآباد ،حیسکو کا نادہندگان کیخلاف کارروائیاں

217

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن کی ہدایات پربجلی چوروں کیخلاف چوکیداری نظام کے تحت کارروائیاں جاری ہیں، جس میں بجلی کی لائنوں اور ٹرانسفارمرز کی حفاظت کی جارہی ہے تاکہ کوئی بجلی چور کنڈا ڈال کر غیر قانونی طریقے سے بجلی استعمال نہ کرسکے۔ اس سلسلے میں حیسکو ریجن کے تمام سب ڈویژنوں میں نائٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو بجلی چوری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریں گی۔ اس کے علاوہ حیسکو چیف نے تمام صارفین اور عوام سے اپیل کی ہے کہ بجلی چوروں کیخلاف کارروائیوں میں حیسکو عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں، یہ آپ ہی کی بھلائی ہے۔ مزید برآں انہوں نے کہا کہ حیسکو ایک کمرشل ادارہ ہے، جو بجلی خرید کر اپنے صارفین کو دیتا ہے، لہٰذا جو چیز رقم کے عوض خریدی جائے وہ مفت میں نہیں دے سکتے اور اگر کوئی چوری کرتا ہے تو مروجہ قانون کے تحت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے اس کیخلاف FIR درج کراکے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے تاکہ آئندہ کے لیے کنڈا لگا کر بجلی استعمال نہ کرسکے۔ اسی لیے اس وقت حیسکو ریجن کے تمام صارفین پر 73 ارب 87 کروڑ 36 لاکھ کے واجبات ہیں، جس میں وفاقی اداروںکے بجلی کنکشنوں پر 3 ارب 39 کروڑ 45 لاکھ، صوبائی اداروں پر 4 ارب 23 کروڑ 42 لاکھ اور نجی صارفین پر 66 ارب 24 کروڑ 49 لاکھ کے واجبات کی وصولی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اور بجلی چوری کے خاتمے کے لیے پورے حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں خصوصی ٹاسک فورسز، S&I، M&T کی ٹیموں کے ہمراہ کارروائیاںکی جارہی ہیں۔ خصوصی ٹیمیں گھر گھر جاکر موقع پر بجلی کے میٹر چیک کرنے کے ساتھ واجبات کی وصولی بھی چیک کررہی ہیں۔ نادہندہ ہونے کی صورت میں صارف کی بجلی کا کنکشن منقطع کردیا جاتا ہے اور بعد میں واجبات کی ادائیگی کے بعد بجلی بحال کی جاتی ہے۔ یہ ادارہ بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے بغیر اپنا انتظام نہیں چلا سکتا، اس لیے جو بل ادا کرے گا اس کو بجلی فراہم کی جائے گی، جبکہ نادہندگان اپنے واجبات کی آسان ادائیگی کے لیے کسٹمر سروس سینٹر پر جاکر بجلی کے بلوں کی اقساط بنوا سکتے ہیں، مگر بل کی ادائیگی لازمی ہے۔ اس کے علاوہ ایسے صارفین جن کے بجلی کے بلوں کے متعلق مسئلے ہیں وہ ہر ہفتے کھلی کچہریوں میں جاکر اپنے مسائل جائز طریقے سے حل کرائیں۔ حیسکو چیف کی واضح ہدایات ہیں کہ بجلی چوری میں ملوث کسی بھی شخص کو کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، چاہے وہ حیسکو ملازم ہی کیوں نہ ہو، اس کیخلاف کارروائی مکمل کرکے اس کو نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔ حیسکو انتظامیہ اپنے معزز صارفین سے اپیل کرتا ہے کہ واجبات کی ادائیگی مقررہ وقت پر کریں تاکہ صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میسر ہوسکے۔