آلائشیںاٹھیں،نہ اسپرے ہوا،سڑکوں پرپڑے کچرے میںاضافہ

147

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)عیدالاضحی کے ایک ہفتے گزرنے کے باوجود مختلف علاقوں میں تاحال کچرے کے ڈھیر جگہ جگہ موجود ہیں۔تفصیلات کے مطابق شہر میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث جگہ جگہ آلائشیں تاحال سڑک کنارے موجود ہیں ،متعدد علاقوں میں صفائی نہیں ہوسکی ہے۔ لیاقت آباد دس نمبر، ڈاکخانہ اور سپر مارکیٹ میں سڑک پر کچرا اور آلائشیوں کے ڈھیر ہیں جب کہ ڈالمیا، شانتی،گلستان جوہر اور گلشن اقبال میں بھی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ شہر میں کچرے، آلائشوں اور بارش کے پانی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں تعفن پھیلا ہوا ہے جس سے شہریوں کو سانس لینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ماہرین صحت نے شہر میں گندگی اور آلائشوں کے تعفن سے مختلف امراض پھوٹنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔شہر قائد میں عید الاضحی کے بعد سے جگہ جگہ ہونے والے گندگی کے ڈھیر نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ عیدالاضحی گزرنے کے ایک ہفتے بعد بھی شہر میں ذبیحہ جانوروں کے جمے ہوئے خون، فضلے اور کچرے سے اٹھنے والے تعفن و بدبو سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ شدید تر ہوگیا ہے۔اطلاعات کے مطابق عیدالاضحی کے تینوں دن سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر متعلقہ اداروں نے صرف آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کا کام کیا ہے، اس دوران روزمرہ کا کچرا اٹھانے کا کام مکمل طور پر معطل رہا ہے جس کے باعث شہر کی اہم شاہراہوں سمیت گلی محلوں میں کچرے اور گندگی کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ تمام اضلاع میں صفائی کی صورتحال انتہائی خراب ہے اور ہر یونین کمیٹی میں صفائی کا فقدان نظر آتا ہے۔ علاقوں میں قائم کچرا کنڈیوں سے کچرا باہر نکل کر سڑکوں پر پھیل گیا ہے۔ شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال مکمل طور پر محکمہ بلدیات اور دیگر متعلقہ اداروں کی غفلت کا شاخسانہ ہے۔ ذرایع کا کہنا ہے کہ محکمہ بلدیات کی زیر نگرانی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے آلائشیں اٹھانے، ٹھکانے لگانے اور صفائی مہم میں سست روی اختیار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ میئر کراچی،وزیر بلدیات سمیت دیگر متعلقہ اداروں کا یہ عذرکسی صورت قابل قبول نہیں ہے کہ شہر میں برسوں کا کچرا ایک دن میں نہیں اٹھایا جاسکتا جو مرحلہ وار اٹھایا جارہا ہے، اسی طرح گلی محلوں میں بند گٹر لائنوں اور ابلتے سیوریج کے پانی نے غلاظت کو دوچند کردیا ہے، گلیاں اور سڑکیں گندے پانی کے جوہڑ کا منظر پیش کررہی ہیں۔ شہریوںنے اعلیٰ حکام سے صفائی ستھرائی کامطالبہ کردیا۔