کابل حملے دہشت گردوںکی بوکھلاہٹ کے عکاس ہیں‘ دفتر خارجہ

163

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دہشت گرد بم حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دہشت گردوں کی بوکھلاہٹ کے عکاس ہیں‘ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے تمام منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے افغان حکومت کے ساتھ مشترکہ کوششیں و تعاون جاری رکھیں گے۔ پیر کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں امن، استحکام اور قومی اتحاد میں دن بدن بہتری سے پیدا ہونے والی امیدوں کے پیش نظر اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گرد تنظیموں کی بوکھلاہٹ کے عکاس ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے افغانستان کے ساتھ ہے اور ان مشکل حالات میں ہم افغان قوم کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘ ہم حملوں میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔