دنیا نے مودی کو نہ روکا تو جنگ چھڑ سکتی ہے‘وزیر اعظم آزاد کشمیر

156

واشنگٹن‘ٹیکساس‘مظفرآباد(آن لائن‘اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیرراجا فاروق حیدر نے کہا ہے کہ دنیا نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو غیر قانونی اقدامات سے نہ روکا تو جنگ چھڑ سکتی ہے۔وزیرِ اعظم آزاد کشمیر امریکی دورے پر گئے ہوئے ہیں۔ دورہ امریکا میں راجا فاروق حیدر خان ٹیکساس کے نائب گورنر اور اراکینِ کانگریس سے ملاقاتیں کریں گے۔اس سے پہلے انہوں نے حکمران ری پبلکن پارٹی کے رکن، کانگریس میں امورِ خارجہ، تعلیم اور لیبر کمیٹی کے رکن رون رائٹ سے ملاقات کی۔یہ ملاقات پاکستان سوسائٹی نارتھ ٹیکساس کے صدر عابد ملک کے گھر پر عشایے کے دوران ہوئی ۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ سے ملاقات کی جس میں مسئلہ کشمیر سمیت کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے، وادی میں 15 دن سے کرفیو نافذ ہے، مقبوضہ کشمیر ایک جیل میں تبدیل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کردار ادا کرے۔ امریکی صدر کے مشیر ساجد تارڑ نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔علاوہ ازیںراجا محمد فاروق حیدر خان نے فرینڈز آف کشمیر کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکامقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کے خلاف سنگین اقدامات سے باز رکھنے کے لیے اپنا اثر ورسوخ استعمال کرے، امریکا سلامتی کونسل کے اہم ملک کے طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مغائر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کا فیصلہ واپس کرائے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے لیے آگے بڑھے، نریندر مودی کی شکل میں ہٹلر کا دوسرا جنم ہوا ہے جس کا نشانہ مظلوم کشمیری ہیں اور اگر اسے نہ روکا گیا تو وہ بتدریج مسلمانوں عیسائیوں اور سکھوں تک کے نسل کشی کے منصوبے کو بڑھائے گا۔