وزیر اعظم نے چینی تعاون سے پی ٹی وی نشریات ڈیجیٹل کرنیکی منظوری دیدی

201

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو دونوں ممالک کی ہمہ جہتی اور تزویراتی شراکت داری کا عملی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری کے تحت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل اولین ترجیح ہے‘ منصوبوں پر بلاتعطل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار نے اجلاس کو پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت توانائی، انفراسٹرکچر، پاکستان ٹیلی ویژن کو ڈیجیٹل بنانے کے منصوبے، اورنج لائن، ایم ایل -ون، گوادر پورٹ اور دیگر اہم منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے چین کے تعاون سے پاکستان ٹیلی ویژن کے نشریاتی نظام کو ڈیجیٹل سسٹم میں تبدیل کرنے کے حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ پر عملدرآمد کی منظوری دی۔ اجلاس میں ریلوے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے ایم ایل ون منصوبے پر پیش رفت پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کی ہمہ جہتی اور تزویراتی پارٹنرشپ کا عملی نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مختلف شعبوں میں جاری منصوبوں کی مقررہ ٹائم فریم میں تکمیل اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں پر بلا تعطل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے سی پیک اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورا خطہ مستفید ہوگا۔