جنرل قمر باجوہ کی ملازمت میں تین سال کی توسیع

347

اسلام آباد (اے پی پی،آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے علاقائی سلامتی کی صورتحال کے پیش نظر چیف آف آ رمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں 3 سال کی توسیع کردی ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کی طرف سے وزیراعظم کے دستخط کی حامل جاری کردہ دستاویز میں کہا گیا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو ان کی موجودہ مدت کی تکمیل کی تاریخ سے مزید 3 سال کی مدت کیلیے چیف آف آرمی سٹاف مقرر کیا جاتا ہے۔ یہ فیصلہ علاقائی امن اور سلامتی کے ماحول کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016ء کو 16 ویں چیف آف آرمی سٹاف کی حیثیت سے کمان سنبھالی تھی، وزیراعظم نے انہیں مزید تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی ویب سائٹ پر دستیاب تفصیلات کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امتیاز (عسکری) نے 24 اکتوبر 1980ء کو 16 بلوچ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج (ٹورنٹو) کینیڈا، نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹیسوری (کیلیفورنیا) امریکا، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ وہ اسکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کوئٹہ، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ انفنٹری بریگیڈ کے بریگیڈ میجر اور راولپنڈی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے 16 بلوچ رجمنٹ، انفنٹری بریگیڈ اور ناردرن ایریا کمانڈر ایف سی این اے میں انفنٹری ڈویژن کی بھی کمان سنبھالی۔ انہوں نے کانگو میں پاکستانی دستے کی کمان بھی کی۔ وہ راولپنڈی کور کے کمانڈر بھی رہ چکے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 29 نومبر 2016 کو فوج کی کمان سنبھالی تھی اور ان کی مدت ملازمت 29 نومبر 2019 ء کو پوری ہورہی ہے جس میں ابھی تین ماہ اور دس دن باقی ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں مزید تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کردیا ہے جنرل قمر جاوید باجوہ اب 29 نومبر 2022 تک ریٹائرڈ ہوں گے۔ دریں اثناء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیلیے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا ہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اصل حقائق اس وقت سامنے آئیں گے جب کرفیو اٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک واضع پیغام آج دنیا کے سامنے ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔قبل ازیںوفاقی وزیرریلوے شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ جنرل قمرجاویدباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پوری دنیاکیلیے پیغام ہے کہ پاکستان میں جمہوری حکومت اورفوج ایک پیج پرہیں۔ جدوجہدآزادی کشمیر اورمودی کے جارحانہ اقدام کیخلاف یہ زبردست فیصلہ ہے جس پر عالمِ اسلام خوش ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لندن سے وطن واپسی پر اپنے ایک ویڈیوپیغام میں کیا۔ شیخ رشیداحمد نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمرجاویدباجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کرکے پوری دنیا کو یہ پیغام دیاہے کہ جمہوری حکومت اورپاک فوج ایک پیج پرہیں، میں سمجھتاہوں کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی اورمودی کے اس جارحانہ اقدام کیخلاف اس وقت قمرجاویدباجوہ کی ملازمت میں توسیع ایک زبردست فیصلہ ہے۔ساری قوم، عالم اسلام اور کشمیری عوام اس پرخوش ہیں۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ،پوری پاک فوج اوروزیراعظم عمران خان کو مبارکبادپیش کرتاہوں۔ جبکہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے فیصلے کو پاکستان کے استحکام کیلیے اہم سنگ میل قرار دے دیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ٹوئٹر پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ آرمی چیف کی عہدے میں توسیع کا نوٹیفکیشن موجودہ سکیورٹی حالات کی سنجیدگی کا ادراک ہے۔ ہم تاریخ کے اہم دوراہے پر ہیں اور جنرل باجوہ پاکستان کی سکیورٹی پالیسی کے تسلسل کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے اس فیصلے کو تاریخ میں جگہ ملے گی اور پاکستان کے استحکام کیلیے یہ فیصلہ سنگ میل ثابت ہو گا۔