بھارت نے پاکستان کو دبے لفظوں میں دھمکی دی‘امریکی میڈیا

310

نیویارک(آن لائن)نیو یارک کے ایسٹ ویسٹ انسٹیٹیوٹ کے فرانز اسٹیفن گیڈی نے کہا ہے کہ بھرت نے پاکستان کو دبے لفظوں میں دھمکی دی ہے۔16 اگست کو بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے پوکھران میں بھارت کی جوہری ٹیسٹ سائٹ کے دورے کے دوران کہا تھا کہ ‘بھارت جوہری ہتھیار کے پہلی مرتبہ استعمال سے انکار کی پالیسی پر عمل پیرا تھا تاہم مستقبل میں کیا ہوگا یہ صورتحال پر منحصر ہے۔نیوز ویب سائٹ دی ڈپلومیٹ پر شائع آرٹیکل میں صحافی انکیت پانڈا نے کہا کہ عالمی میڈیا اور اسکالرز نے راجناتھ کے بیان کو بھارت کی جوہری پالیسی میں تبدیلی قرار دیتے ہوئے اسے ناقابل تلافی غلطی قرار دیا۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی انتہا پسند، ہندو بالادستی کی حامی مودی حکومت کے ہاتھوں میں ایٹمی ہتھیار ہونے پر دنیا کو ان کی سلامتی اور حفاظت پر سنجیدگی کے ساتھ غور کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کے اثرات نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر پڑ سکتے ہیں۔بھارتی آرٹیکل کا حوالا دیتے ہوئے کرسٹوفر کلاری کا کہنا تھا کہ ‘اس سے قبل 2010 ء میں بھارت کے سابق قومی سلامتی کے مشیر شو شنکر مینن نے پہلی مرتبہ استعمال سے انکار کی پالیسی سے انحراف کرنے کا بیان دیا تھا۔