جارحیت سے نمٹنے کیلیے سرحد پر اضافی دستے تعینات ہیں‘ ڈی جی ملٹری

159

اسلام آباد (آئی این پی) ڈی جی ملٹری آپریشنز نے پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کو پاک فوج کی سرحد پر تعیناتی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی افواج کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے تیار ہے‘ سرحد پر فوج کے اضافی دستے تعینات کردیے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی کے ارکان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موجودہ صورتحال پر اپنی تجاویز حکومت کے سامنے پیش کر دیں ‘ حکومت نے تمام تجاویز کو سامنے رکھ کر مربوط حکمت عملی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ پیر کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا خصوصی ان کیمرا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، صدر آزاد کشمیر، وزیر داخلہ، وزیر دفاع، وزیر برائے انسانی حقوق، اپوزیشن رہنمائوں خواجہ محمد آصف، راجا پرویز اشرف ، سینیٹر شیری رحمان، رانا تنویر حسین سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔ اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ تمام تجاویز حکومت کے حوالے کر دی ہیں‘ اب بال حکومت کے کورٹ میں ہے‘ کمیٹی میں جو بات ہوئی وہ وہاں کی امانت ہے‘ بھارت آزاد کشمیر پر حملے کے موقع ڈھونڈ رہا ہے‘ اس موقع کو ختم کرنے کے لیے ہمیں تیاری کرنا ہوگی‘ جس نے جنگ کی تیاری کی وہ جنگ سے بچ سکتا ہے‘ بھارت نے ماضی میں بھی حملے کیے اب ایک اور حملے کی تیاری کر رہا ہے۔