کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا آزادانہ پینل قائم

344

کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے آزادانہ پینل قائم کردیا ہے۔ پی سی بی نے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کے انتخاب کے لیے آزاد ماہرین پر مشتمل پینل کا اعلان کردیا۔

آزادانہ پینل تمام ایسوسی ایشنز کے لیے 32 کھلاڑیوں کے انتخاب کے ساتھ ساتھ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کے لیے کپتانوں کے نام بھی تجویز کرے گا۔ تین رکنی آزادانہ پینل مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان پر مشتمل ہے۔ تین رکنی پینل جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم میں مشاورت کے بعد ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کو حتمی شکل دیں گے۔

6 ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کی ابتدائی فہرست جونیئر سلیکشن کمیٹی اور کوچز سمیت قومی کرکٹ ٹیم کی گذشتہ سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے ترتیب دی۔ راشد لطیف کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تمام ٹیموں کے لیے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کی کوشش کریں گے۔ اس فیصلے پر وسیم خان نے کہا کہ تین رکنی آزادانہ پینل کے قیام سے ایسوسی ایشن کرکٹ ٹیموں میں کھلاڑیوں کا انتخاب اقرباپروری کی بجائے شفافیت پر مبنی ہوگا۔