پاکستان کی اصل منزل اسلامی انقلاب ہے،سید عارف شیرازی

179

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ نے 1941ء میں 75 افراد کے ساتھ جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی۔ آج جماعت اسلامی کی فکر پوری دُنیا میں موجود ہے۔ زندگی کے ہر شعبے میں جماعت اسلامی کی گرانقدر خدمات اور کام کا مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی کے نئے ارکان کے حلف کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس سادہ مگر پُروقار تقریب میں 13 نئے ارکان کا حلف ہوا۔ جن میں سابق ناظم اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب سعد بن ہارون، امان شفیق، بلال ظہور، اصغر خان مہمند، مبشر رفیق اور حکیم سعادت خٹک سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ اس موقع پر ضلعی جنرل سیکرٹری سید عزیر حامد، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز محمد طارق رضا، عمران خان، ملک عبدالعزیز، امیر زون پی پی 11 حاجی یار محمد، امیر پی پی 17 قاضی محمد ظہیر، امیر پی پی 18 محمد شبیر میر، جنرل سیکرٹری پی پی 14 حکیم عزیزالرحمن اور دیگر عہدیدارن بھی موجود تھے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ پاکستان کی منزل ایک اسلامی انقلاب ہے۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ کہا تھا۔ ہماری یہ شہ رگ بھارت کے قبضے میں ہے۔ کشمیریوں نے بھارت کی غلامی قبول کرنے سے انکار کرکے شہادتوں اور قربانیوں کی ایک مثال قائم کی ہے۔ اب ایک مرتبہ پھر بھارت نے کشمیر کی مخصوص ریاستی حیثیت کو ختم کرکے اسے بھارت میں ضم کرنے کا غیر قانونی راستہ اختیار کیا ہے۔ بھارت کے اس اقدام کو کشمیریوں نے مسترد کرکے اس کیخلاف دُنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ اب تو اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کے حالیہ اجلاس میں ایک بار پھرکشمیریوں کی آواز سنی گئی ہے۔ پاکستان کو اس اہم ایشو پر مسلسل کام کرنے اور بھارت پر دبائو بڑھانے کی ضرورت ہے۔