کشمیر میں ہولوکاسٹ طرز پر نسل کشی ہورہی ہے،سینیٹر مشتاق خان

178

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ گجرات کا قصاب کشمیر کا قصاب بن چکا ہے۔ مودی سرکار کشمیر میں ہولوکاسٹ طرز پر کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ آلو، پیاز، کھیلوں، کھلاڑیوں، اداکاروں اور ثقافتی وفود سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا، کشمیر کی آزادی کے لئے فوجوں کی سرحدوں پر تعینات کیا جائے، بھارت کے ساتھ فضائی حدود بند کی جائیں اور بھارتی سفارتخانے کو بند کیا جائے، کشمیر کی آزادی تک بھارتی سفارتخانے کی پاکستان میں کوئی گنجائش نہیں۔ بھارت نے عملاً ہماری شہ رگ کو قبضے میں لے لیا ہے اور ہم نے کچھ نہیں کیا۔ وزیراعظم نے کہا مودی کے آنے سے کشمیر کا مسئلہ حل ہوگا، اب وہ بتائیں کہ کشمیر کے مسئلے کا کیا بنا۔ جس مودی نے بابری مسجد کو شہید کیا اور گجرات میں 2 ہزار سے زائد مسلمانوں کو زندہ جلادیا اس سے کشمیر کے مسئلے کے حل امید لگانے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ سلامتی کونسل نے قرارداد تو دور کی بات مذمتی بیان بھی نہیں دیا۔ اسے اپنی بڑی فتح بتانا بڑی بے وقوفی ہے، سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد بھارتی سفارتکار کا بیان حکومت کے لیے انتباہ ہے۔ پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی نے بھارت کو شیر بنادیا، حکومت کا رویہ ٹیپو سلطان والا ہوتا تو بھارت کبھی ایٹمی جنگ کی دھمکی نہ دیتا۔ وزیراعظم سن لیں! خواب میں بھی کشمیر کے حوالے سے غلطی کی تو قوم آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ حکومت جارحانہ خارجہ پالیسی بنائے اور کشمیر کی آزادی کے لیے روڈ میپ اور جامع منصوبہ بندی کرے۔ 25 اگست کو پشاور میں کشمیر بچاؤ عوامی ریلی میں کشمیری قیادت کو بھی شریک کرائیں گے، کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ کی تحصیل شبقدر میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی اجتماع سے جماعت اسلامی ضلع چارسدہ کے امیر محمد ریاض خان، سیکرٹری جنرل مفتی اکبر علی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر نور محمد المعروف میجر نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت نے مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے کیے لیکن حکمرانوں کا طرز عمل ان کے دعوؤں کے الٹ ہے۔ وزیراعظم کی ذاتی رہائشگاہ بنی گالا پر 215 سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ریاست مدینہ کے دعوؤں کا مذاق ہے۔ حکمران مزید مدینہ کی ریاست کی اصطلاح استعمال کرنے سے گریز کریں، یہ مدینہ کی ریاست کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی آزادی اور خودمختاری آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی ہے۔ قوم کے پاؤں میں آئی ایم ایف کی بیڑیاں ڈال دی ہیں، حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ناکامیوں، وعدہ خلافیوں، یوٹرنوں اور قوم کو دھوکہ دینے سے منسوب ہے۔ مہنگائی کے سونامی نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔ پیٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس، یوریا کھاد کی قیمتوں سمیت ضروریات زندگی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائے گی، کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔