ٹنڈو آدم، سینیٹری ورکرز کی کارکردگی پر عوامی اور سماجی حلقوں کا اظہار اطمینان

160

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) چیئرمین بلدیہ مسرور احسن غوری کی خصوصی ہدایت پر چیف سینیٹری انسپکٹرز اور سینیٹری ورکرز کی ٹیم نے دن رات ایک کر کے تین بڑے چیلنجز کو عوام کی پریشانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے احسن طریقے سے انجام دیا، سماجی تنظیموں کا اظہار تشکر۔ بلدیہ ٹنڈوآدم کے چیئرمین مسرور احسن غوری اور سینیٹری ورکرز کی ٹیم نے حالیہ دنوں بیک وقت تین بڑے چیلنجز کو موثر حکمت عملی کے تحت انجام دیا، جن میں مو ن سون کی موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ، دوسری طرف عید الاضحی کے موقع پر ہزاروں آلائشوں کو ٹھکانے لگانا، تیسری طرف بلدیہ ٹنڈوآدم میں سرکاری طور پر جشن آزادی کی تقریب کا شایان شان انعقاد کیا گیا۔ مون سون کی بارشوں کا پانی بلدیہ کے سینیٹری ورکرز نے دن رات محنت کر کے گلیوں اور چوراہوں سے نکالا جس کے باعث شہریوں نے عیدالاضحی اور یوم آزادی کے تہوار بڑے جوش و خروش سے منائے جبکہ ضلع سانگھڑ اور سندھ کے بڑے شہروں کراچی اور حیدرآباد میں بارش کے پانی کی عدم نکاسی کی وجہ سے عوام گھروں تک محدود رہے اور بعض علاقوں میں عید کی نماز ادا کرنے میں بھی بے حد مشکلات پیش آئیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر بلدیہ کے عملے کی کارکردگی کو کسی طور پر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا کہ انہوں نے بروقت آلائشیں اٹھا کر عوام کے تعفن اور بیماریوں سے محفوظ رکھا۔ جشن آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی سرکاری مرکزی تقریب بلدیہ ٹنڈوآدم میں منعقد کی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز جتوئی، سی ایم او ابراہیم عمرانی، تعلیمی افسران کونسلرز سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔ سماجی حلقوں کی جانب سے چیئرمین بلدیہ مسرور احسن غوری کے احکامات پر صفائی و ستھرائی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا شہر کے نشیبی علاقوں اور مضافات میں قائم بھینسوں کے باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے اور ٹنڈو آدم میں 35 سال پرانی سیوریج لائنوں کو تبدیل کیا جائے۔