کشمیریوں پر بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کر دی ہے،مفتی اقبال

180

لاہور (نمائندہ جسارت) جماعت اہلسنت پنجاب کے امیر مفتی محمد اقبال چشتی نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے ۔ آرمی چیف جرنل قمرجاوید باجوہ ظالم کا ظلم ہاتھ سے روکنے کیلیے جہاد کا اعلان کریں پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کو آزاد کروانے کیلیے پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے اور کٹ مرنے کو تیا رہے۔ اس موقع پرامیر ملت پیر سید منور شاہ جماعتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا جس طرح علماء مشائخ نے پاکستان بنانے کیلیے اپنا کردار ادا کیا تھا آج پھر مسلم امہ کی رہنمائی، کشمیرکی آزادی اور کشمیری بھائیوںپر ظلم بند کروانے کیلیے علماء مشائخ کو آگے بڑھ قوم کی رہنمائی کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگراپنے مسلمان بھائیوں پر ظلم دیکھ کر بھی ہم نے کچھ نا کیا تو کل اللہ کی عدالت میں کیا جواب دیں گے۔کشمیریوں کے ہاتھ اور پاکستانیوں کے گریبان ہوں گے۔کیونکہ ان کا ہر شہید پاکستان کے قومی پرچم میں دفن ہوتا ہے اس لیے مسلم امہ میں ان کی سب سے زیادہ ذمے داری ہم پر عائد ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع غوثیہ رضویہ بند روڈ کے سامنے کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف جماعت اہلنست پنجاب کے زیر اہتمام بہت بڑے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے میں جماعت اہلسنت پنجاب کے سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ جس کی وجہ سے بند روڈ پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا اور بابو صابو انٹر چینج تک گاڑیوںکی لمبی لمبی لائنیں لگ جانے سے ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔اس موقع پر پیر سید منور شاہ جماعتی نے اعلان کیا کہ کل داتا دربار مسجد میں علما، مشائخ کا بہت بڑا جتماع ہوگا۔ جس میں آئندہ کے لائح عمل کا اعلان کیا جائے گا۔