کشمیر کے معاملے پر مسلم ممالک بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں

178

لاہور (نمائندہ جسارت) پاک بھارت جنگ اب نظریات کی جنگ ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور درندگی کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ا فسوس کا مقام ہے کہ دیگر مسلمان ممالک انتہائی بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس معاملے میں مکمل طور پر خاموش ہیں اور کسی مسلم ملک نے تاحال کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف آواز تک اُٹھانا گوارا نہیں کیا۔ غنیمت ہے کہ پاکستان کی زبردست سفارتی کوششوں اورعالمی سطح پر آواز اُٹھانے کی بدولت دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف دوبارہ مرکوز ہوئی ہے اور بھارتی ظلم وستم کے خلاف نہ صرف دنیا کے مختلف کونوں میں آواز بلند ہو رہی ہیـ بلکہ خود بھارت میں مودی کے اِس احمقانہ قدم پر زبردست تنقید ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگرچہ ہم اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے یہ اُمید نہیں رکھتے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں پر ظلم کرنے اور اُن کی آزادی کی جدوجہد کو کچلنے سے روکے گی تاہم وزیراعظم پاکستان کی اس بات سے متفق ہیں کہ انتہا پسند بھارت، آر ایس ایس کے انتہا پسندانہ ہندو نظریے پرعمل پیرا ہے۔ اس تناظر میں ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اپنی نظریاتی اساس کو مضبوط کرتے ہوئے ملک خداداد پاکستان میں اللہ کی حاکمیت کو بالفعل قائم و غالب کرے اور اسے حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کانمونہ بنا دیا جائے۔ نظریہ پاکستان خداداد نظریہ ہے اور انسانی فطرت کے عین مطابق ہے ہمارا فرض ہے کہ ہم اس مبنی برحق نظریے کو دنیا میں عام کریں یہ تمام باطل نظریات کو شکست ِ فاش دے گا۔ خاص طور پر آر ایس ایس کا نظریہ جو ظلم و ستم اور نا انصافی کی بنیاد پرہے کسی صورت مقابلے میں ٹھہر نہیں سکے گا اور اُسے شکست ِ فاش ہو گی ان شاء اللہ۔ لیکن شرط یہ ہے کہ ہم اپنے نظریے کی عملی تصویر بنیں۔