محمد عامر اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ ایسیکس کی جانب سے کھیلیں گے

245

لندن( جسارت نیوز) انگلش کاؤنٹی ایسیکس کی جانب سے فرسٹ کلاس میچ لیفٹ آرم فاسٹ بولر محمد عامر کا آخری فرسٹ کلاس میچ ہوگا۔پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہنے والے فاسٹ بولر محمد عامر، ایسیکس کاؤنٹی کی جانب سے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے۔ ایسیکس کاؤنٹی نے تصدیق کی کہ محمد عامر نے اپنے معاہدے میں توسیع کردی ہے۔وہ بلاسٹ ٹی ٹوئنٹی کے علاوہ آج کینٹ کے خلاف فرسٹ کلاس میچ بھی کھیلیں گے۔27 سالہ محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے اور مستقبل میں وہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔ محمد عامر کو دنیا کا بہترین اور با صلاحیت فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ قراردیا گیا تھا، انہوں نے 66 فرسٹ کلاس میچوں میں شرکت کی اور 254 وکٹیں حاصل کیں ،جنوری میں جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ انکا آخری فرسٹ کلاس میچ ثابت ہوا۔نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں جو کھلاڑی اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں ان میں سب سے اہم نام فاسٹ بولر محمد عامر کا ہے۔ گذشتہ سینٹرل کنٹریکٹ میں وہ ’اے‘ کیٹیگری میں شامل تھے لیکن اب انہیں ’سی‘ کیٹیگری دی گئی ہے،اسکی وجہ یہ ہے کہ محمد عامر نے پچھلے دنوں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے خود کو لمیٹڈ اوورز کرکٹ تک محدود کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔ محمد عامر نے جولائی 2009 ء میں سری لنکا کیخلاف گال ٹیسٹ میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اپنے کیریئر کو طول دینے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ رہے ہیں اور وائٹ بال کرکٹ میں قسمت آزما رہے ہیں جہاں پیسہ بھی زیادہ ہے۔