مزدوروں کی فلاح و بہبود سے ملک کو فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں، کاشف گلزار شیخ

621

کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی کاشف گلزار شیخ نے کہا ہے کہ آزاد قوموں کی زندگی میں آزادی کا دن کسی نعمت سے کم نہیں ہوتا۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے 72ویں جشن آزادی کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں ہی آزادی کی قدرو منزلت سے آشنا ہوتی ہیں۔ جو قومیں اس دن کو شایانِ شان طریقے سے مناتی ہیں وہ عزم نو و عزم صمیم کے ساتھ ترقی و استحکام اور اقتصادی، صنعتی ومعاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن رہتی ہیں۔ انہوں نے جشن آزادی کے پیغام میں مزید کہاکہ سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن کا ادارہ نہایت نیک مقصد کے پیش نظر قائم کیا گیا ہے اور وہ مقصد پسماندہ محنت کشوں کی خوشحالی ہے، انہیں وہ خدمات مہیا کرنا جو ان کی قلیل آمدنی میں ناممکن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سوشل سیکورٹی کا ادارہ یہ سہولتیں انہیں اور ان کے لواحقین کو مہیا کر کے مستقبل کے اندیشوں سے محفوظ کر دیتا ہے، تاکہ وہ مکمل یکسوئی سے اپنی توجہ کام پر مرکوز کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ معاشی اور صنعتی ترقی کے لیے ایسے ہی ماحول کی ضرورت ہے جس میں آجر اور اجیر باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ سماجی و مالی مسائل سے بالاتر ہو کر اقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کر سکیں۔