بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے، شمس سواتی

331

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ بھارت نے آرٹیکل370کا خاتمہ کر کے پوری دنیا میں اپنا گھناونا چہرہ بے نقاب کر لیا ہے ۔بھارتی حکمرانوں کا مکروہ چہرہ کھل کر دنیا کے سامنے آگیا ہے ۔اوآئی سی اور مسلم ممالک بھارت کا معاشی بائیکاٹ کریں۔ بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی سے دنیا کے امن کودائوپرلگادیاہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 1983کے کنونشن معاہدہ کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے ۔اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل عالمی امن اور سلامتی کے خطرے کا نوٹس لیں ۔بھارت کا جنون لائن آف کنٹرول کی صورت حال کو مزید خراب کر رہی ہے۔ مودی جو کچھ کر رہا ہے وہ پری پلان ہے اور یہ ان کے انتخابی منشور کاحصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کشمیر پاکستان اور پوری دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔بھارت نے جو کچھ کیا ہے اس کے اثرات پوری دنیا پر پڑیں گے۔بھارت طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو کچل رہا ہے ۔بھارت کی ہٹ دھرمی سے خطے کے ایک ارب لوگ براہ راست متاثر ہوں گے۔ بھارت عالمی قوانین کی دھجیاں بکھیر رہا ہے اور پوری دنیا کا امن دائو پر لگا دیا ہے ۔کشمیریوں پر بدترین ظلم ڈھائے جا رہے ہیں۔ پوری کشمیری قیادت کو قید کردیا گیا ہے۔ لیکن کوئی بھی ظلم جبر کشمیریوں کو ان کی آزادی کے حق سے نہیں روک سکتا ۔بھارت کو ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا ۔کشمیر جلد آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔