پی ٹی آئی حکومت کی1 سالہ کارکردگی مایوس کن ہے‘جماعت اسلامی سندھ

236

کراچی( اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے پی ٹی آئی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کومایوس کن قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کی دعویدارقیادت نے اپنے وعدوں کے برعکس عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کی بمباری کرکے زندہ رہنا بھی مشکل بنادیا ہے، دالیں، چینی، خوردنی تیل سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ،روپے کی بے قدری،ڈالر کی اونچی اڑان نے ان کی ناکام معاشی پالیسی کو عیاں کردیا ہے، ایک سال کے اندر قرض لینے کے تمام  ریکارڈ توڑ کر ملک کی آزادی وخودمختاری کو بھی دائو پر لگادیا ہے، نئے پاکستان میں اظہار رائے کی آزادی اور حکومتی نااہلی کا آئینہ دکھانے والے میڈیا پر سنسرشپ کی نام پرپابندیاں صحافیوں کو ہراساں کرنا ان کے دہرے معیار کی عکاسی ہے۔مساجد ومدارس پر پابندی، دینی اقدار کا مذاق،نصاب تعلیم سے سیرت طیبہؐ،عقیدہ ختم نبوتؐ سمیت نظریاتی مواد کا خاتمہ جبکہ بے حیائی کو فروغ،سینما گھروں کو سبسڈی،قادیانی نواز پالیسیاں ریاست مدینہ طرز حکومت کے دعویدار حکمرانوں کے لیے لمحہ فکر ہیں۔ایوان صدر اوروزیراعظم ہائوس کو یونیورسٹی بنانے کاوعدہ بھی وفا نہیں کیا جبکہ کفایت شعاری کی بات کی گی گئی مگرایوان صدر اور وزیراعظم ہائوس کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا،کرپشن کے خاتمے اورٹیکس نیٹ میں اضافے کے باوجود خزانہ خالی ومہنگائی میں اضافہ تمام تر دعوئوں کی نفی کرتا ہے۔اسی طرح قومی خزانے سے لوٹی ہوئی بیرونی ممالک میں پڑی ہوئی دولت کی واپسی کاخواب بھی پورانہیں کیا جاسکا ہے۔