تاجر وں کے احتجاج پر شناختی کارڈ کی شرط 30ستمبر تک موخر

271

فیصل آباد(آن لائن) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سر پرست اعلی خواجہ شاہد رزاق،سیکرٹری اطلاعات چودھری محمود عالم جٹ اور سینئر تاجر رہنمائوں نے کہا ہے کہ تاجروں کے شدید احتجاج پر حکومت نے خرید و فروخت پر شناختی کارڈ کی شرط 30ستمبر تک موخر کردی ہے ۔ ملک کی بزنس کمیو نٹی موجودہ حکومت کی مکمل کامیابی کی حامی ہے وزیر اعظم عمران خان بھی ملکی معیشت کے استحکام کیلیے بھر پورجد وجہد کر رہے ہیں لیکن بزنس کمیو نٹی کی مشاورت کے بغیر کیے جانے والے فیصلے ملکی معیشت کو مستحکم نہیں کر سکیں گے موجودہ حالات میںملکی معیشت کو لاحق خطرات سے محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے حکومت کو صورتحال بہتر بنانے کیلیے سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں جہاں قیمتوں میں اضافہ،مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھر مار سے قوم انتہائی کسمپرسی کاشکار ہے بزنس کمیونٹی کی جانب سے کاروبار ی سرگرمیاںجاری رکھنا جہاد ہے۔ ۔ خواجہ شاہدرزاق سکا نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان نے حکومت کو ایک ایسا فارمولہ دیا ہے جس پر عمل درآمد سے تاجروں کے مسائل میں کمی واقع ہوگی اور حکومت کو ریونیو زیادہ ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے کبھی ٹیکس دینے سے انکار نہیں کیا انہیں آج بھی ٹیکس دینے پر اعتراض نہیں لیکن اسکے لیے موثر نظام وضع ہونا چاہئے۔