پی ٹی آئی نے عوام کو مہنگائی ،بیروزگاریاور گھر گرانے کے سوا کچھ نہیں کیا، سعید غنی

212

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے وفاقی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو بدترین قرار دیتے ہوئے اسے نااہل اور نالائق قرار دیا ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ، مخالفین کیخلاف نیب کو حکومتی آلہ کار بنایا،نااہل حکومت نے مہنگائی، بیروزگاری، عوام کا معیار زندگی، عوام کو بے گھر کرنے اور ملک کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔اگست 2018 کے مقابلے اگست 2019 میں ڈالر کی قیمت میں 35 روپے کا اضافہ جبکہ بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ عوام کی روزمرہ کی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں کئی سو فیصد اضافہ ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ نیازی حکومت میں میڈیا کو غیر اعلانیہ سینسرشپ کا سامنا ہے۔ عدلیہ کے خلاف سازشیں شروع کیں۔ نیب کے چیئرمین کے خلاف ایک وڈیو وائرل کرکے اسے بلیک میل جارہا ہے۔ اتوار کے روز حکومتی ایک سال مکمل ہونے پر سعید غنی نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے عوام سے 50 لاکھ گھر اور 1 کروڑ ملازمتوںکا وعدہ کیا تھا،حکومت ملنے کے بعدانہوں نے ہزاروں افراد کو بے گھر اور لاکھوں کو بیروزگار کردیا۔ حکمرانوں نے ملک کو بدترین معاشی بحران میں مبتلا کرکے اس کا بوجھ عوام پر ڈالتے ہوئے اربوں روپے کے ٹیکسز لگادیے ہیں، سرمایہ کاری کا گراف بہت نیچے گرا دیا ہے ،سرمایہ دار طبقے کی بھی کمر توڑ دی ہے،روپے کی قیمت میں کمی کے باعث ہماری ایکسپورٹ مکمل طور پر تباہ حال ہے اور صنعتکار کسی دوسرے ملک میںکاروبار لے جانے کے لیے پر تول رہے ہیں۔ وفاقی وزرا اپنی کارکردگی کا خود ہی پول کھو ل رہے ہیں ۔