سندھ کابینہ کے 2 وزراء میں سرد جنگ کا انکشاف

401

کراچی ( رپورٹ : محمد انور )سندھ کابینہ کے 2 اراکین میں جاری سرد جنگ کے بعد صوبائی وزیر محنت نے وزیر بلدیات کے بعض امور میں براہ راست مداخلت شروع کر دی ہے۔ اس بات کا انکشاف سرکاری ذرائع نے کیا ہے، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری تک پہنچ رکھنے اور ان کے چہیتے ہونے کا دعویٰ کرنے والے وزیر محنت و اطلاعات اپنے آپ کو وزیر بلدیات سے ہٹائے جانے سے حکومت سے ناراض ہیں جبکہ اسی وجہ سے ان میں اور نئے وزیر بلدیات کے درمیان مبینہ طور پر سرد جنگ جاری ہے۔ صوبائی وزیر محنت کی طرف سے محکمہ بلدیات کے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے امور کی براہ راست نگرانی کرنے پر وزیر بلدیات ناراض ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے وزیر محنت کے ان کے امور میں مداخلت کی شکایت بھی کی ہے۔ دوسری طرف وزیر محنت کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی کی اعلیٰ شخصیت کی اجازت سے پی ای سی ایچ اور دیگر علاقوں میں نالوں کی صفائی اور کچرا اٹھانے کے کاموں کو چیک کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر محنت مبینہ طور پر وزیر بلدیات کا قلمدان واپس لیے جانے کی وجہ سے مبینہ طور پر بعض دیگر ناپسندیدہ اقدامات بھی کررہے ہیں۔ اس صورتحال کے بعد خیال ہے کہ جلد ہی صوبائی کابینہ میں ایک بار پھر رد و بدل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراطلاعات کا قلمدان دوبارہ مشیر مرتضیٰ وہاب کو دیے جانے کا امکان ہے۔