پی ٹی آئی جدہ کے زیراہتمام جشن آزادی اور کشمیرسے اظہاریکجہتی کی تقریب

205

پاکستان تحریک انصاف (جدہ) کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان اور کشمیر سے یکجہتی کے حوالے سے تقریب کا انعقاد مقامی ریستوران میں کیا گیا، جس میں سیکڑوں پاکستانیوں نے شرکت کی ۔ تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عجب خان دیشانی نے انجام دیے۔ قاری محمد آصف نے پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا، جس کے بعد اصغر دیشانی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی۔
عدنان فاروقی نے تقریب میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے مسئلہ کشمیر کی مختصر تاریخ بیان کی۔ ڈاکٹر محمد سعید کریم بیبانی نے کشمیر کے حوالے سے اردو اور عربی میں شاعری سنا کر محفل کو گرمایا جبکہ سید حیدر علی نے پرجوش انداز میں کشمیر کے حوالے سے تقریر کی اور بتایا کہ مسلمان اور کافر سپاہی میں فرق صرف شوق شہادت ہی کا ہوتا ہے۔
بعد ازاں تقریب سے خطاب میں عدنان فاروقی نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور دیگر تمام پاکستانی جو دیار غیر میں زندگی گزار رہے ہیں، رقوم کی پاکستان منتقلی بینک کے ذریعے کریں۔ انہوں نے اس کی اہمیت اور اس سے پاکستان کو ہونے والے فوائد سے آگاہ کیا۔ اس دوران انہوں نے اسپیکر اور مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری انجینئر افتخار چودھری سے اپیل کی کہ وہ پارٹی اور ملکی قیادت تک یہ بات پہنچائیں کہ جن لوگوں نے پاکستان میں بینکوں سے قرض لے کر معاف کرا رکھے ہیں، ان سے قرضے وصول کیے جائیں اور اس حوالے سے اگر کوئی قانون میں کمی بیشی ہے تو اسے دور کیا جائے۔
تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول العزیزیہ کے بچوں نے ٹیبلو پیش کیا، جس میں پاکستان کی ثقافت، قائد اعظم، مادر ملت اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے خاکے مختلف انداز میں پیش کیے گئے۔ ٹیبلو کو ویمن ونگ کی سابق نائب صدر ثریا جبیں نے تیار کیا تھا۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا ٹیم نے کشمیر کے حوالے سے دستاویزی فلم پیش کی، جس میں بھارتی افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام پر ڈھائے گئے ظلم و ستم دکھائے گئے۔ اسکول کی معلمہ بِنت الحسن نے کشمیر کے حوالے سے فِکر انگیز اشعار سے مزین تقریر پیش کی۔ تقریب میں طالبہ سارہ سلطان نے خوبصورت نغمہ پیش کیا اور حاضرین محفل کو اپنے ساتھ گانے پر مجبور کردیا۔ اس کے بعد عامر خان نے ملی نغمہ پیش کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری انجینئر افتخار چودھری نے اپنے خطاب میں تفصیل سے مسئلہ کشمیر پر روشنی ڈالی اور پارٹی کی سعودی عرب میں ابتدائی جدوجہد کے حوالے سے بتایا۔ آخر میں مہمان خصوصی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نے منتظمین کو تقریب کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس کے بعد انہوں نے یوم آزادی پاکستان اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومتی موقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ہم سفارتی محاذ پر اپنی جنگ جاری رکھ کر بھارت کو مجبور کریں گے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی دے۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پڑھا گیا اور یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔