پاکستان حج رضاکار گروپ کا ’’حج آپریشن 2019‘‘ کامیابی سے مکمل

232

پاکستان حج رضاکار گروپ (پی ایچ وی جی۔ سعودی عرب) کے رضاکاروں نے رواں برس حج آپریشن کامیابی سے ہمکنار کرایا۔ گروپ سے وابستہ تمام افراد ہمیشہ کی طرح رواں برس بھی اللہ کے مہمانوں کی خدمت میں پیش پیش رہے اور اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے تمام توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے ہزاروں حجاج کی خدمت کے ساتھ مختلف مواقع پر ان کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیا۔ موسم حج کے دوران رضاکاروں نے عازمین حج کو ان کے خیموں تک رہنمائی کی، عمر رسیدہ اور ضرورت مند حجاج کو ویل چیئر پر ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا اور پاکستان حج مشن اسپتال میں داخل مریضوں (جو بیماری یا زخمی ہونے کی وجہ سے طواف زیارت کرنے سے قاصر تھے) کو حرم مکی لے جا کر ویل چیئر پر طواف کرایا۔
ترجمان پاکستان حج رضاکار گروپ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یقینا تمام افراد اور ان کی خدمات ہمارے لیے باعث فخر ہیں کہ رضاکاروں نے حج کے ایام میں اللہ کی رضا کے لیے نیکی کا کام انتہائی ذمے داری سے انجام دیا۔ یہ تمام رضاکار اس نیک عمل کے لیے اللہ سے خیراور اجر عظیم کے طلبگار ہیں۔