مسلم لیگ ن سندھ کا کراچی ڈویژن کے صدرکو شوکاز نوٹس

119

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن سندھ نے کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان کوشوکاز نوٹس جاری کردیاہے اور کہا ہے کہ کراچی ڈویژن کی تنظیم کا اعلان پارٹی آئین کی خلاف ورزی ہے اگر ہفتہ میں جواب نہ دیا تو پارٹی رکنیت معطل کردی جائے گی۔ اتوار کون لیگ کا کراچی کے 6 اضلاع کے عہد یداران اور کراچی ڈویژن سے متعلق صوبائی نائب صدور وجوائنٹ سیکر ٹریز کا ایک اہم اجلاس ن لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ کی صدارت میںمنعقد ہوا۔اجلاس میں کہا گیا کہ ن لیگ کراچی ڈویژن کے صدر انجینئر سلمان خان نے پارٹی کے آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ضلعی عہدیدار مقرر کیے جس کا انہیں آئینی اختیار نہیں ہے۔انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔اجلاس میں قائم مقام جنرل سیکرٹری چودھری محمد طارق ،امان آفریدی، ملک محمد تاج ، رکن قومی اسمبلی کھئیل داس کوہستانی،شہباز شیخ ،خرم بھٹی، خالد شیخ اور تمام اضلاع کے صدر جنرل سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں کئی قراردادیں منظورکی گئیں۔جس کے مطابق ن لیگ کے قائداور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو بلاجواز قید وبند میں رکھا گیا ہے، جنہیں فوری غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے ۔ اجلاس میں مریم نواز شریف کی گرفتاری کی پر زور مذمت اور مطالبہ کیا گیا کہ مریم نواز ،حمزہ شہباز شریف،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ،سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، راناثنااللہ، خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان کو فوری رہا کیا جائے۔اجلاس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے پر امن کشمیریوں پر فائرنگ اور گرفتاریوں کی مذمتی قرار داد منظور کی گئی اور مطالبہ کیا کہ کشمیرکو آزادی اورخودمختاری دی جائے۔