وفاق پرمسلط حکمران ایک بھی وعدہ پورا نہ کرسکے،اکرام اللہ دھاریجو

114

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول زرداری سلیکٹڈ حکومت کو مسلسل آئینہ دکھا رہے ہیں، عوام سے کیے گئے تمام وعدے جھوٹ کا پلندہ تھے۔ وفاق پر مسلط حکمران ایک بھی وعدہ وفا نہیں کرسکے، سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو حقوق دینے کے بجائے مہنگائی کا بم گرادیا ہے اور مزید گرانے کی کوششوں میں ہیں، غریب طبقہ دو وقت کی روٹی کے حصول کیلیے پریشان ہے، وفاقی کابینہ ہوش کے ناخن لے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ظالمانی پالیسیوں پر عوام کا سمندر انہیں بہاکر لے جائے گا ۔ پیپلز پارٹی حکومت نے عوامی حقوق کا تحفظ کیا ہے پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی تو روزگار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے سندھ کے حقوق پر ڈاکا ڈال کر رکھا ہے، سندھ پاکستان کی شہ رگ اور پاکستان کو جنم دینے والا صوبہ ہے، موجودہ وفاقی حکومت نے ابھی تک سندھ کو 162 ارب کی ادائیگی نہیں کی ہے۔ صوبہ وفاقی حکومت سے مسلسل اپنا حق مانگ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں پوری کابینہ عوامی فلاح اور ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔