اصل قربانی اللہ کی راہ میں سب کچھ قربان کردینے کا نام ہے،حافظ نعیم

272
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن الخدمت کے چیف ایگزیکٹو سلیم اظہر اور قاضی صدرالدین ادارہ نورحق میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن الخدمت کے چیف ایگزیکٹو سلیم اظہر اور قاضی صدرالدین ادارہ نورحق میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ قربانی اللہ کے نزدیک محبوب ترین عمل ہے ، اصل قربانی یہی ہے کہ اللہ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان کردیا جائے اور ہر طرح کے حالات میں حق و سچ کا ساتھ دیں ،باطل کے خلاف آواز بلند کریں،دین کی خاطر اللہ کے حکم کو بجا لانے کے لیے عزیز ترین چیز قربان کردینا یہی دراصل قربانی ہے، معاشرے کے اندر خیر کی قوتو ں کو اکٹھا کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے ،جماعت اسلامی لسانیت وعصبیت اور فرقہ واریت پر یقین نہیں رکھتی ،یہ سب کو جوڑنے والی جماعت ہے ،جماعت اسلامی کا مقصد اللہ کی زمین پراللہ کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد ہے اس کے لیے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی،جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں اورحق و سچ کا ساتھ دیں ،ان شاء اللہ ایک دن آئے گا کہ حق کو فتح ضرور ملے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں قصاب،مزدور اور ڈرائیورزکے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،ڈپٹی سیکرٹری راشد قریشی ، چیف ایگزیکٹیو الخدمت سلیم اظہر ، قاضی صدر الدین اور دیگربھی موجود تھے ۔ استقبالیے میں محمد ابراہیم انصاری ،محمد زید اور دیگر نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے ۔استقبالیے میں قصاب،مزدور اور ڈرائیورز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ دنیا میں تمام پیشے ہی اچھے ہیں لیکن جس پیشے میں محنت ہو وہ اللہ کے نزدیک زیادہ محبوب ہے ،محنت مزدوری کرنے والے کو اللہ کا دوست قراردیا گیا ہے، ہمیں حق اور حلال طریقے سے کمانا چاہیے اور اپنے بچوں کی حلال مال سے پرورش کرنی چاہیے ۔انسان اللہ کے نام پر حلال طریقے سے کمائے گا تو یقینا اس مال میں برکت بھی ہوگی اور محدود وسائل میں فراوانی ہوجائے گی۔انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی معاشرے میں انسانی فلاح و بہبود کے فرائض انجام دے رہی ہے ، حالیہ بارشوں میں کے الیکٹرک کی مجرمانہ غفلت کے باعث کرنٹ لگنے سے 40سے زاید بچے ،بوڑھے ،جوان اور خواتین جاں بحق ہوئیں ،کسی سیاسی پارٹی نے کے الیکٹرک کے خلاف بات نہیں کی لیکن واحد جماعت اسلامی ہے جس نے کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ لڑا اور مظلوموں کی دادرسی کی اور ہر طرح کی آئینی ،قانونی اور جمہوری جدوجہد کی ۔انہوں نے کہاکہ الخدمت گزشتہ کئی دہائیوں سے ملک و قوم کی خدمت کررہی ہے ، ملک میں آنے والی قدرتی آفات ہوں یا سیلاب کبھی بھی عوام کی خدمت میں پیچھے نہیں رہی اورسب سے پہلے اور آگے بڑھ کر متاثرین کی بحالی اور امداد میں شریک ہوئی ہے، الخدمت نے کراچی اور اندرون سندھ سمیت بلوچستان ، خیبر پختونخوا، پنجاب ، آزاد کشمیراور گلگت بلتستان کے پسماندہ علاقوں میں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت بیرون ملک بھی خدمت کے کام کررہی ہے اور دنیا بھر میں اس کے کاموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔