اپوزیشن کی اے پی سی آج ہوگی، شہبازشریف اور بلاول شریک نہیں ہونگے

48

اسلام آباد(صباح نیوز) اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا اہم سربراہی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، متحدہ حزب اختلا ف کی طرف سے ایک سالہ حکومتی کارکردگی پر حقائق نامہ جاری کرنے کا امکان ہے جبکہ اس اجلاس میں شہبازشریف اور بلاول زرداری شریک نہیں ہوںگے۔تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں چک شہزاد اسلام آباد کے فارم ہائوس میں ہوگی۔ مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلزپارٹی، دینی جماعتوں و قوم پرست جماعتوں کے قائدین و رہنما شریک ہوں گے، اپوزیشن جماعتوں سے چیئرمین سینیٹ کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری کے دوران ضمیر فروشی کرنے والے ارکان سینیٹ کیخلاف تحقیقات کی رپورٹ طلب کی گئی ہیں اس حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس جائزہ لے کر سفارشات کا اعلان کرے گی۔ حکومت کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا قوی امکان ہے، رابطہ عوام مہم کے شیڈول پر بھی مشاورت کی جائے گی جبکہ اسلام آباد لاک ڈائون کے با رے میں حتمی فیصلہ بھی متوقع ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ن) کے مطابق شہباز شریف کو کمر میں چوٹ کی وجہ سے ڈاکٹرز نے مکمل آرام کی ہدایت کی ہے،اپوزیشن لیڈر کی پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میںبھی شرکت نہ کرنے کاامکان ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنمائوں پر مشتمل وفد آج اے پی سی میں شرکت کرے گا جس میں خواجہ آصف، احسن اقبال اور ایاز صادق شامل ہوں گے ۔ دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری طے شدہ پروگرام کے مطابق آج اسکردو روانہ ہوںگے جس کے باعث وہ بھی آج اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت نہیں کرپائیں گے، جبکہ پیپلزپارٹی اپوزیشن کی اے پی سی میں شرکت کیلیے 4رکنی وفد نامزد کردیا ہے جس میں یوسف رضا گیلانی ،شیری رحمان ، نیر بخاری، اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔