کشمیر میں 6 ہزار سے زائد اجتماعی قبریں دریافت ہو چکی ،آسٹریلوی صحافی

291

سڈنی ( آن لائن) معروف آسٹریلین کالم نویس نے کشمیر میں بھارتی جارحیت سے متعلق ہوش ربا اعداد وشمارجاری کر دیے ہیں۔ یہ اعداد وشمار مڈل ایسٹ آئی اور بائی لائنز کے کالم نویس سی جے ورلیمن نے بھارتی زیر تسلط کشمیر میں زندگی کے عنوان سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔ جس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہر10 کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی تعینات ہے اور مقبوضہ وادی میں6 ہزار سے زیادہ نامعلوم یا اجتماعی قبریں دریافت ہوچکی ہیں اور کہا جاتا ہے کہ یہ ان لوگوں کی قبریں ہیں جنہیں بھارتی فورسز نے غائب کیا تھا۔ اس کے علاوہ 80 ہزار سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیں‘ اعداد وشمار میں بتایا گیا ہے کہ مسلسل ظلم وستم اور تناؤ کے باعث49 فیصد بالغ کشمیری پی ایس ٹی ڈی نامی دماغی مرض کا شکار ہیں، آسٹریلین مصنف نے یہ بھی بتایا ہے کہ گرفتار کیے گئے زیادہ تر افراد کو تشدد کا نشانا بنایا گیا اور بھارتی فورسز تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں 7ہزار سے زیادہ زیر حراست ہلاکتیں بھی ہو چکی ہیں۔ سی جے ورلیمن کے مطابق مقبوضہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی 18 قراردادیں موجود ہیں اور کشمیر کو متنازع علاقہ تسلیم کیا گیا ہے لیکن 2016ء میں بھارت نے اقوام متحدہ کے وفد کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تحقیقات کے لیے مقبوضہ کشمیر جانے سے روک دیا۔ آسٹریلین کالم نویس نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق یہ سارے اعداد وشمار ’’اسٹینڈ ودکشمیر‘‘ ہیش ٹیگ کے ساتھ شیئر کیے۔