جعلی اکاؤنٹس کیس،آصف زرداری کیخلاف دبئی کا رہائشی وعدہ معاف گواہ بن گیا

206

آصف علی زرداری اور دیگر بڑی شخصیات کے خلاف جعلی اکا ونٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس میں دبئی کا رہائشی ناصر عبد اللہ لوتھا وعدہ معاف گواہ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کا شہری ناصر عبد اللہ لوتھا جعلی بنک اکاؤنٹس میں وعدہ معاف گواہ بن گیا ہے اور اس نے عید الاضحی سے قبل پاکستان آکر نیب کو بیان بھی ریکارڈ کرادیا ہے۔ناصر عبداللہ لوتھا نے نیب کو بیان میں کہا کہ میری ملاقات ایوان صدر میں عبدالغنی مجید سے ہوئی اور انہوں نے مجھے ملکر کام کرنے کی پیشکش کی، تاہم میں نے اپنا کام کیا اور کوئی کمیشن نہیں لیا۔

 واضح رہے ایف آئی اے نے درجنوں جعلی بینک اکا ونٹس کا سراغ لگایا ہے جن کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔

اس کیس میں آصف زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، عبدالغنی مجید، سابق چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت متعدد افراد گرفتار ہیں۔