وزیراعظم آج اپنی تاریخی ناکامیوں کی داستان فخر سے سنائیں گے، مریم اورنگزیب

372

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج اپنے خطاب میں  حکومت کی تاریخی ناکامیوں اور عوام پر اپنے ظلم کی داستان فخر سے سنائیں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 18 اگست (آج) قوم سے خطاب کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں وہ اپنی حکومت کی پورے سال کی کارکردگی قوم کے سامنے پیش کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نااہل وزیر اعظم ایک بار پھر اتنا جھوٹ بولیں گے کہ پچھلے تمام رکارڈ توڑ دیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ آج قوم سے خطاب میں وزیراعظم بتائیں گے کہ پورے سال میں اسٹاک ایکس چینج میں 32 فیصد کمی ہوگئی، ایک سال میں روپے کی قدر میں 33 فیصد کمی ہوئی اور پورے سال کے دوران ایک تولہ سونا 34050 سے 88400 روپے کا ہوگیا۔

خیال رہے کہ آج وفاقی حکومت کو ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔