افغانستان: شادی کی تقریب میں خودکش دھماکہ، 63 افراد ہلاک

818

افغانستان کےدارالحکومت کابل میں ایک شادی کے دوران خودکش دھماکے سے کم از کم 63 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل میں دبئی سٹی ہال میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی کہ اس دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک 63 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقعہ پر پہنچ کر زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔

https://twitter.com/sotiridi/status/1162803443649646593

افغان حکام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خودکش حملے کے دوران شادی ہال میں کم از کم ایک ہزار لوگ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ حکام کے مطابق خودکش حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم یا گروہ نے قبول نہیں کی جبکہ افغان طالبان نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

پاکستان دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ہر طرح کے دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہے۔