وفاقی وزیر علی زیدی نے سر عام مہاجروں کو گالیاںدیں،فاروق ستار

181

کراچی (نمائندہ جسارت)تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے سرعام مہاجروں اور کراچی کے لوگوںکو گالیاں دی ہیں ،انہوں نے مجھ پر لندن پیسے بھیجنے کے جو الزامات لگائے ہیں میں انہیں نوٹس بھیجوں گا وہ الزامات کو عدالت میں
ثابت کریں ،وفاقی کابینہ میں ایم کیو ایم کے وہ لوگ شامل ہیں جن پر منی لانڈرنگ کے مقدمات درج ہیں اس پر یا تو علی زیدی مستعفی ہوں یا ایم کیو ایم کے کابینہ میں شامل وزراسے استعفے لیے جائیں،صفائی مہم کے نام پر بلدیاتی الیکشن کے لیے کراچی کے عوام کو بیوقوف بناکر چند ہ جمع کیا جارہا ہے ، علی زیدی میئر کراچی بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں جو اہل کراچی پورا نہیں ہونے دینگے ، نیب صفائی کے لیے چندہ مہم چلانے والوں پرنظر رکھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں ہفتے کو کامران ٹیسوری، ڈاکٹر نگہت،کامران اختر اور دیگر رہنما ؤں کے ساتھ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ علی زیدینے مہاجروں کو گالیاں دیکرتمام حدوں کو پار کردیا، وہ کچرا صاف کرنے کی مہم چلارہے ہیں لیکن ان کے دماغ میں ہی کچرا بھرا ہوا ہے۔اہل کراچی نے ایم کیو ایم کو 35برس برداشت کیا لیکن علی زیدی اور ان کے ساتھیوں کو 5سال سے پہلے ہی فارغ کردیں گے۔ فاروق ستار نے کہا کہ علی زیدی نے پورٹ کے اہلکا روں کو ساتھ لے کر کامران ٹیسوری کے گھر کے باہر بدمعاشی کی اور سرعام ماں بہنوں کی گالیاں دیں۔ اگر علی زیدی کواہل کراچی کا احساس ہوتا تو وہ کے پی ٹی میں کراچی کے بے روزگاروں کو لگاتے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کو اصل میں ختم کرنے کا پروگرام تھا جسے بہادرآباد والے بھی نہیں سمجھ سکے ۔علی زیدی بتائیں وفاقی حکومت نے کراچی شہر کے لیے کتنی گرانٹ دی ،صفائی مہم کے لیے کتنی مشینیں لیکر آئے، کراچی کے نوجوانوں کیلیے وفاقی حکومت نے کیا کیا۔
فاروق ستار