بھارتی جنگی جنون عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، حسین محنتی

127

کراچی (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ بھارتی جنگی جنون پورے عالمی امن کے لیے خطرہ ہے،بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کاحالیہ بیان پاگل پن اورپاکستان کے خلاف جارہانہ عائم کی عکاسی کرتاہے،مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کئے بغیرخطے میں قیام امن ناممکن ہے۔بھارت نے جنگ مسلط کی توپوری قوم پاک سرزمین کی انچ انچ کی حفاظت کے لیے پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے کشمیرکی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے نہ صرف اقوام متحدہ کی قرارداد وشملہ معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے بلکہ عالمی امن کو بھی داء پر لگادیا ہے۔بھارت نے ظلم وبربریت کا بازار گرم کرکے انسانی حقوق کی شدید پامالی اورجنت نظیر وادی کشمیر کو جہنم بناکر رکھ دیا ہے،تیرہ دنوں سے وادی میں کرفیو لگاکر کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے،کھانے پینے کی اشیا سمیت ادویات دیگرضروریات زندگی کی شدید کمی کی وجہ سے انسانی المیہ بھی جنم لے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نہ صرف اپنی آزادی بلکہ پاکستان کی کی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں کیونکہ بانی پاکستان حضرت قائداعظم ؒ نے کشمیرکو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا۔ پاکستان مسئلہ کشمیرکے حل،کشمیرمیں انسانیت سوز مظالم کو اجاگراوربھارت کی ہٹ دھرمی کو عالمی فورم پربھرپورتیاری کے ساتھ اٹھاکر عالمی ضمیرکو جنجھوڑے۔دریں اثناء صوبائی امیر نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کی مذمت قیمتی انسانی جانوںواملاک کے نقصان پردلی دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے زوردیا ہے کہ” دشمن کی توپیں خاموش “پراکتفا نہیں بلکہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیکرعوام کے جذبات کی ترجمانی کی جائے۔
حسین محنتی