امریکا نے ایرانی جہاز کے وارنٹ جاری کردیے

457
جبل طارق: تیل بردار ایرانی جہاز نے برطانیہ سے رہائی پانے کے بعد بحیرۂ روم میں سفر شروع کردیا ہے
جبل طارق: تیل بردار ایرانی جہاز نے برطانیہ سے رہائی پانے کے بعد بحیرۂ روم میں سفر شروع کردیا ہے

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) جبل طارق کی عدالت عظمیٰ کی جانب سے ایرانی تیل بردار جہاز کو رہا کرنے کے حکم کے بعد امریکا نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس جہاز کو پکڑنے کے لیے وارنٹ جاری کردیے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے ایران کے تیل بردار جہاز گریس ون کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں، جس سے ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی آئل ٹینکر پاسداران انقلاب کی ملکیت ہے، جس پر امریکا نے پابندیاں عائد کررکھی ہیں اور یہ جہاز شام کو تیل کی فراہمی کر کے امریکی مالیاتی نظام پر ضرب لگانے کی کوشش میں ملوث ہے۔ جبل طارق کی عدالت عظمیٰ نے جمعرات کے روز ہی امریکی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ایرانی آئل ٹینکر کی فوری رہائی کے لیے جبل طارق پولیس اور برطانوی سیکورٹی فورس کو حکم جاری کیا تھا اور جہاز ہفتے کے روز اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔ جب کہ ایران کے پورٹس اور سمندری امور کے نائب سربراہ جلیل اسلامی کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اب اس جہاز کا نام گریس ون سے تبدیل کر کے اس پر ایران کا پرچم نصب کیا جائے گا۔ جلیل اسلامی کا کہنا تھا کہ آئل ٹینکر کے مالک کی درخواست پر جہاز بحیرہ روم کی جانب رواں دواں ہوگا، جب کہ اس کا نام اب آدریان دریا ہو گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق آئل ٹینکر کی منزل شام نہیں تھی۔ دوسری جانب برطانیہ نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ بھی اس کا جہاز چھوڑ دے۔