ایٹمی حملے میں پہل کا بھارتی بیان ساری دنیا کو چیلنج ہے،فردوس عاشق

293

اسلام آباد(آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا بیان پوری دنیا کے لیے دھمکی ہے ،عالمی برادری کو غیر ذمے دارانہ بیانات کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہو گا ۔سلامتی کونسل کے اجلاس نے بھارتی اقدامات کی قلعی کھول دی ہے ۔ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق اعوان نے ہفتے کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اجلاس نے بھارتی دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ،جس سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشمیر عالمی سطح پر متنازع علاقہ ہے اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے حقیقی ترجمان بن کر ابھرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر نے مظلوم کشمیریوں کی آواز محصور اور خاموش کی ہوئی تھی لیکن سلامتی کونسل کے اجلاس میں کشمیریوں کی گونج دنیا بھر کو سنائی دی جو کہ سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہے ۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان آر ایس ایس کی انتہا پسندانہ سوچ کا عکاس ہے،راج ناتھ سنگھ کا بیان پوری دنیا کے لیے دھمکی ہے،بھارت اپنے مذموم عزائم کیحصول کے لیے دنیا کے امن کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے ،ایسے بیانات عالمی قوانین اور امن کے لیے کھلا چیلنج ہیں،عالمی برادری کو غیر ذمے دارانہ بیان کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہو گا۔