کشمیر کااب جوبھی فیصلہ ہوگاوہ فریڈم فائٹر کا ہو گا ‘ شیخ رشید

433

لندن ( آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کشمیرکا اب جو بھی فیصلہ ہو گا وہ فریڈم فائٹر کا ہو گا، کشمیر کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے۔ مودی کی بے وقوفی سے مسئلہ ایک بار پھر زندہ ہو گیا ہے۔آزادی کی جدوجہد کرنے والے دہشت گرد نہیں مجاہد ہوتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لندن میں معاون خصوصی وزیراعظم انیل مسرت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا نہ ہونے والا غدار ابن غدار ہو گا۔ اس کا پاکستان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام خوراک اور ادویات سے بھی محروم ہیں۔ پاکستانی عوام کشمیری بہنوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ 72 سال سے وادی کے شہری آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان کا حق ہے انہیں آزادی دی جائے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے متحد ہو کر اپنے کردار کا مظاہرہ کرنا ہے۔ مسلمانوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان دوستانہ ماحول چاہتا ہے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ پاکستان کا بچہ بچہ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہماری 75 فیصد ٹیکنالوجی میزائل ہے جبکہ 25 فیصد بائی ائر ہے جبکہ ہمارے دشمن کی 75 فیصد ٹیکنالوجی بائی ائر ہے جبکہ 25 فیصد ٹیکنالوجی میزائل والی ہے۔ ایٹمی ہتھیار آتش بازی کے لیے نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر استعمال کیے جائیں گے۔پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہماری مجبوری ہے کہ بھارت میں مسلمان بھی بستے ہیں، ملکی دفاع کرنے کے ہم پابند ہیں۔