بلدیہ اعلیٰ کی نااہلی کے سبب آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکیں، عمران قریشی

135

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کی نااہلی اور بے حسی کے سبب اب تک کئی علاقوں سے بارش کے پانی کی نکاسی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں نہیں اٹھائی جاسکی ہیں جس کی وجہ سے شہر میں جگہ جگہ تعفن پھیل رہا ہے اور شہریوں کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ مین شاہراہوں، گلیوں اور محلوں میں آلائش اور گندگی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں جس سے شہری متاثر ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور میونسپل کمیٹی قاسم آباد نے بارشوں میں نکاسی آب ، صحت وصفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائش ٹھکانے کی مد میں لاکھوں روپے کے فنڈز بدعنوانی کی نذر کردیے ۔ شہری اذیت سے دوچار ہیں اور کرپٹ افسران اور عملہ لوٹ مار میں مصروف ہے۔ عوام کے ووٹوں سے جیت کر آنے والے یوسی چیئرمین ، وائس چیئرمین اور کونسلرز بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھورہے ہیں، اتنی بڑی تعداد میں عوامی نمائندوں کے ہوتے ہوئے حیدرآباد، لطیف آباد اور قاسم آباد ہر آنے والے دن کے ساتھ گندگی اور بدصورتی کا شکار ہوتا جارہا ہے۔ بلدیاتی ادارے نہ تو انکروچمنٹ روک پارہے ہیں نہ ہی نالوں اور گٹروں کی صفائی کی جارہی ہے جبکہ ان سب کاموں کی مد میں ہر ماہ لاکھوں روپے کے بل بناکر بدعنوانی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ کا دوسرا بڑا شہر حیدرآباد اس قدر گندگی میں گھرا ہوا ہے اس کی مثال میں نہیں ملتی ۔ سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں ۔ جگہ جگہ غیرقانونی تجاوزات ہورہی ہے جس کی وجہ سے پورا شہر بدنما ہوتا جارہا ہے۔