بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں، وزیراعظم

114

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ایٹمی ہتھیار فاشسٹ مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹر پراظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ بھارت پر ہندونسل پرست، فاشسٹ قیادت اور آئیڈیالوجی نے ایسے ہی قبضہ جمالیا ہے جیسے نازیوں نے جرمنی پر قبضہ جمایا تھا، اس سے وادی کے 90 لاکھ کشمیری خطرے میں پڑگئے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیری 2 ہفتے سے محاصرے میں ہیں، دنیا میں خطرے کی گھنٹیاں بجنی چاہیئں، یہ خطرہ پاکستان،بھارتی اقلیتوں تک وسیع ہورہاہے،اقوام متحدہ کے مبصرین کو مقبوضہ کشمیر بھیجا جانا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مودی کی فاشسٹ قیادت سے نہرو اور گاندھی کے بھارت کو بھی خطرہ ہے، دنیا بھارت کے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی سنجیدگی سے لے، بھارت کے ایٹمی ہتھیارفاشست مودی حکومت کے ہاتھ لگ چکے ہیں، یہ ایسا معاملہ ہے جو صرف خطے کو نہیں پوری دنیا کو متاثر کر رہا ہے۔