حکومت کا سرکاری ملازمین کو یکم ستمبر تک اثاثے ظاہر کرنے کا حکم

173

اسلام آباد(آن لائن) حکومت نے تمام وفاقی وزارتوں، اداروں، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 30 جون 2019ء کو اختتام پذیر ہونے والے مالی سال کے لیے اپنے ملازمین کے اثاثوں کی تفصیلات یکم ستمبر تک حاصل کرلیں۔ رپورٹ کے مطابق ایک علیحدہ میمورنڈم میں حکومت نے مینجمنٹ گریڈ کے افسران کے لیے 15 فیصد ایڈ ہاک ریلیف فنڈ الاؤنس اور اس کے ساتھ منتخب کارپوریشنز اور خودمختار اداروں کے لیے 5 سے 10 فیصد ایڈہاک ریلیف فنڈ کا بھی اعلان کیا۔اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں اور محکموں کے سیکرٹریز، چاروں صوبوں،
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، چیئرمین قومی احتساب بیورو، وفاقی محتسب، وفاقی ٹیکس محتسب، الیکشن کمیشن ، انٹیلی جنس بیورو اور آڈیٹر جنرل پاکستان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں کام کرنے والے ملازمین کی جانب سے اثاثے ظاہر کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں۔ایک دوسرے حکم نامے میں حکومت نے مینجمنٹ گریڈ (ایم 1 سے ایم3) کے لیے بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈ ہاک ریلیف کا بھی اعلان کیا، جس کا اطلاق یکم جولائی 2018 سے ہوگا جبکہ (ایم 3 کیلیے) 5 فیصد ایڈہاک ریلیف کا اطلاق یکم جولائی 2019ء سے ہوگا۔
سرکاری ملازمین/اثاثے