آلائشوں اور تعفن سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے،حافظ نعیم

365

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بارش کے بعد بلدیاتی اداروںکی نااہلی اورصفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہر میں آلائشوں اور تعفن کے باعث وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے، عیدالاضحی کے موقع پر سنت ابراہیمی کی تکمیل کے بعد نکلنے والی آلائشوں نے ماحول کو بلدیاتی اداروں کی غفلت اور نا اہلی کے باعث شدید ترین خطرات سے دو چار کر دیا ہے اور شہر بھر میں بارش اور سیوریج کے گندے پانی کے ملاپ، کچرے کے ڈھیراور آلائشوں کی وجہ سے ڈینگی، چکن گونیا، ملیریاسمیت متعدد بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے ،کروڑوں روپے ہڑپ کرنے کے لیے آلائشیں مختص مقامات کے بجائے نارتھ ناظم آباد کے مرکزی واٹر ٹینک کے گراؤنڈ میں ڈال دی گئیں جس کی وجہ سے آلائشوں سے رسنے والا گند فراہمی آب کی لائنوں میں شامل ہورہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے دعوے، اعلانات اور بیانات کے برعکس عملاً صورت حال یہ ہے کہ شہر کے اکثر علاقوں میں عید الاضحی گزرنے کے4 دن بعد بھی گلیوں اور شاہراہوں کے اطراف اور فٹ پاتھوں پر پڑے کچرے کے ڈھیراور گٹر کا پانی جمع ہے اور ان کے قریب سے گزرنا شہریوں کے لیے محال ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہر کے مختلف علاقوں سے اب تک آلائشیں اٹھائی نہیں جا سکی ہیں، ریڑھی اور ابراہیم حیدری کے گوٹھوں کے گرد و نواح میں آلائشیں تاحال کھلے آسمان تلے پڑی ہیں، کورنگی انڈسٹریل ایریا کے نالے میں آلائشیں پڑی ہیں جس سے شدید تعفن اٹھ رہا ہے ۔کریم آباد میںمینا بازار پل کے نیچے گندگی کے ڈھیر لگائے جانے کے ساتھ ساتھ آلائشیں پل کے نیچے پڑی ہیں،انہوں نے کہاکہ ملیر، لانڈھی، کورنگی، لیاقت آباد، نیو کراچی، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا اور فیڈرل کیپٹل ایریا کے بعض علاقوں، جمشید زون کی کچی آبادیوں میں بھی جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر اور ان کو لگائی گئی آگ سے شدید تعفن اٹھنے کے علاوہ خدشہ ہے کہ مذکورہ جگہوں سے ملحقہ آبادیاں شدید متعدی و وبائی امراض کی لپیٹ میں نہ آ جائیں۔ حالیہ عیدالاضحی کے موقع پر بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا پول شہریوں کے سامنے کھل گیا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمے داری ہے کہ کچرے کے ڈھیر میں اٹے اور ابلتے گٹروں سے بہتے گندے اور حالیہ بارشوں کے پانی میں ڈوبے شہر کو اب غلاظت بھری آلائشوں کا شکار بنانے والے عناصر کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے ،آلائشوں کو ٹھکانے لگانے اور صفائی ستھرائی کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔