ہندو انتہا پسندی ، سماجی عدم مساوات بھارت کے ٹکڑے کردے گی، میاں زاہد

506

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں اپنے خطاب میں مودی کو اینٹ کا جواب پتھر سے دینے اور سبق سکھانے کا اعلان کر کے قوم کا دل جیت لیا ہے۔آرمی چیف جنرل باجوہ نے کشمیر پر سمجھوتے کے امکان کو رد کر کے قوم کا حوصلہ بڑھایا اور افواہ سازوں کا منہ بند کر دیا ہے ۔ سول اور فوجی قیادت کے ایک پیج پرہونے سے معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں، برطانیہ اور بھارت سمیت متعدد ممالک میں بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج شروع ہو چکا ہے ۔ یوم سیاہ سے مثبت پیغام گیا ہے جبکہ بھارت کی سفارتی رسوائی عروج پر ہے جو پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ کشمیر پر جارحیت سے بھارت کے ٹوٹنے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور پاکستان سے کشیدگی اسکی معیشت اوررہی سہی ساکھ کو تباہ کر دے گی۔اگر بھارت نے پاکستان کو صحرا بنانے کے لئے پانی روکنے کی کوشش کی تو یہ اسکی آخری غلطی ہو گی۔ الیکشن میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد بھارت سیکولر سے انتہا پسند ریاست بن چکا ہے جہاں بڑھتی ہوئی ہندو انتہا پسندی اور مسلمانوں پر مظالم سے دیگر اقلیتیں بھی خوفزدہ ہو گئی ہیں۔بھارت میں پچیس کروڑ دلت، بیس کروڑ مسلمان، چھ کروڑ بدھ مت ، تین کروڑ عیسائی، پونے تین کروڑ سکھ اور بیالیس لاکھ جین ازم کے پیروکار بھی رہتے ہیں جن میں بے چینی بھارت کو دنیا کے نقشے سے مٹا دے گی۔انھوں نے کہا کہ بھارت میں ذات پات کا نظام اور امیرغریب کے مابین بڑھتا ہوا فرق بھی اسکے وجود کے لئے دیمک کا کام کر رہا ہے۔لاکھوں کسان خودکشی کر چکے ہیں اور ہندو غنڈوں نے سرکاری سرپرستی میں دیگر مذاہب کے ماننے والوں کا جینا محال کر رکھا ہے۔اقتصادی عدم مساوات کا یہ حال ہے کہ بھارت کے ایک فیصد افراد 58.4فیصد دولت پر قابض ہیں جبکہ دس فیصد لوگ 80.7 فیصد وسائل پر قبضہ کئے بیٹھے ہیں جن کا بڑھتا ہوا کنٹرول بھارت کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کے لئے کافی ہے۔انھوں نے کہا کہ گجرات کے قصائی نے بھارت کے منہ پر کالک مل دی ہے اوراسکی کی تمام چالیں اُلٹ گئی ہیں۔کشمیریوں نے فیصلہ کن جنگ شروع کر دی ہے جس کا نتیجہ کامیابی ہو گی۔ بھارت کی عوام، فوج کا حوصلہ پست اور تیاریاںنامکمل ہیں جبکہ پاکستانی قوم اور افواج کا حوصلہ آسمان سے باتیں کر رہا ہے اور آپریشنل تیاریاںمکمل ہیں اور بھارت کی فوج کا ہماری افواج سے موازنہ ممکن ہی نہیں ہے۔